باغبانپورہ پولیس کا کریک ڈاؤن، 6 منشیات فروش گرفتار
09-11-2026
(لاہور نیوز) باغبانپورہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات سے منشیات کی سپلائی میں ملوث 6 منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق گرفتار ملزمان غلام مصطفیٰ، رضا اور حمزہ کے قبضے سے 4 کلو 460 گرام چرس برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق دوسری کارروائی میں اختر، قمر اور اظہر عباس کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 1170 گرام آئس برآمد کی گئی۔ ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق ملزمان آن لائن منشیات منگوا کر لاہور کے مختلف علاقوں میں طے شدہ لوکیشنز پر سپلائی فراہم کرتے تھے، ملزمان نے دورانِ تفتیش منشیات کی سپلائی میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس شہر بھر میں منشیات جیسی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پُرعزم ہے اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔