کچا ایریا میں پولیس فورس بڑھانے کا بڑا فیصلہ، نئی آسامیوں کی منظوری

09-11-2026

(لاہور نیوز) کچا ایریا میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مؤثر بنانے کیلئے پولیس فورس میں بڑے پیمانے پر اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق رحیم یار خان اور راجن پور میں نئی پولیس نفری بھرتی کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، کچا آپریشن کے بعد 600 سے زائد خطرناک ملزمان  کے ہتھیار ڈالنے کے بعد کچا علاقوں میں پائیدار امن کے قیام کیلئے 34 نئی پولیس پوسٹس بنانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق رحیم یار خان اور راجن پور میں 3 نئے تھانے اور 16 پولیس پوسٹس قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ دونوں اضلاع میں پولیس نفری کی کمی دور کرنے کیلئے مجموعی طور پر 1500 نئی پولیس آسامیوں کی منظوری دی گئی ہے۔ رحیم یار خان میں پولیس کی 750 نئی آسامیوں کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ ضلع میں پہلے سے 333 آسامیاں خالی ہیں، نئی بھرتیاں مرحلہ وار آئندہ دو سال کے دوران مکمل کی جائیں گی اور پولیس نفری کی کمی پوری کرنے کیلئے مقامی افراد کو بھرتی کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اسی طرح راجن پور میں بھی 750 نئی پولیس سیٹوں کی منظوری دی گئی ہے، جس سے کچا ایریا میں پولیس فورس میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ مراسلے میں کچا ایریا میں باہر سے آنے والے پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مقامی حالات اور جغرافیہ سے ناواقف اہلکاروں کی وجہ سے پولیس کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے، اسی لئے مقامی سطح پر بھرتیوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مراسلے میں راجن پور کی تحصیل روجھان میں پولیس فورس میں مقامی نمائندگی کم ہونے کی نشاندہی بھی کی گئی ہے، دستاویز کے مطابق تحصیل جام پور کے امیدواروں کا پولیس میں حصہ زیادہ ہے جبکہ روجھان کے امیدواروں کو نسبتاً کم نمائندگی حاصل ہے۔ حکام کے مطابق مقامی افراد کی بھرتی سے پولیس کو کچا ایریا کے جغرافیہ، قبائلی و مقامی حالات اور جرائم پیشہ عناصر سے متعلق بہتر معلومات حاصل ہوں گی، جس سے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور پولیس کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔