انسداد ڈینگی کارروائیوں کا جائزہ، صوبائی وزیر صحت کی سرکاری اداروں میں سروے کی ہدایت
09-10-2026
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی دارالحکومت میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل، ڈی ڈی اوز ہیلتھ اور الائیڈ ڈیپارٹمنٹس کے نمائندگان نے شرکت کی خواجہ عمران نذیر نے سرکاری اداروں اور دفاتر میں بھی ڈینگی سروے کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں میں ڈینگی لاروا برآمد ہونے کی صورت میں بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ صوبائی وزیر صحت نے ڈی سی لاہور کو انسداد ڈینگی مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کا حکم بھی دیا اور انسدادی کارروائیوں میں جونیئر افسران کے بجائے سینئر افسران کی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ انسداد ڈینگی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں۔ اُنہوں نے سی ای او ہیلتھ کو نجی ہسپتالوں اور جنرل پریکٹیشنرز سے بھی ڈیٹا حاصل کرنے اورانسدادی کارروائیوں میں طلبہ و طالبات کی شمولیت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ جبکہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ مچھروں کی افزائش اور ہاٹ سپاٹ ایریاز کو مکمل طور پر کور کیا جائے۔