پیما میں 70 فیصد سے زائد آسامیاں خالی، 53 نئی بھرتیوں کی تیاریاں شروع

09-10-2026

(لاہور نیوز) پنجاب ایجوکیشن انیشی ایٹوز مینجمنٹ اتھارٹی (پیما) میں مینجمنٹ سکیل پر بھرتیوں کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔

دستاویزات کے مطابق پیما میں مجموعی طور پر 53 افسران اور ملازمین بھرتی کرنے کی تجویز ہے جبکہ اتھارٹی کی 70 فیصد سے زائد منظور شدہ آسامیاں پہلے ہی خالی ہیں۔ محکمہ خزانہ کے اعتراض کے بعد مجوزہ بھرتیوں کو دو مراحل میں تقسیم کر دیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں 32 ضروری آسامیاں پُر کرنے کی مشروط حمایت کی گئی ہے، جن میں 6 ڈائریکٹرز، ایک ڈیٹا اینالسٹ، ایک ڈیٹا انجینئر، ایک چیف آڈٹ آفیسر، 14 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور 9 اسسٹنٹس شامل ہیں۔ پہلے مرحلے کی بھرتیوں پر 11 کروڑ 5 لاکھ 50 ہزار روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے۔ دوسرے مرحلے میں 12 ڈپٹی ڈائریکٹرز اور 9 اسسٹنٹس کی بھرتی زیر غور ہے تاہم دوسرے مرحلے کی بھرتیاں کام کے بوجھ اور عملی ضرورت سے مشروط ہوں گی، تمام 53 آسامیوں پر بھرتی کی صورت میں مالی اثر 14 کروڑ 38 لاکھ 50 ہزار روپے ہو گا۔ دستاویزات کے مطابق 6 ڈائریکٹرز کو ساڑھے 7 لاکھ روپے فی کس ماہانہ تنخواہ پر بھرتی کرنے کی تجویز ہے، ڈیٹا اینالسٹ اور ڈیٹا انجینئر کو ساڑھے 3 لاکھ روپے فی کس ماہانہ پیکیج دیا جائے گا، چیف آڈٹ آفیسر کے لیے بھی ساڑھے 3 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ تجویز کی گئی ہے۔ 14 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو 2 لاکھ 25 ہزار روپے فی کس ماہانہ پیکیج جبکہ 9 اسسٹنٹس کو ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس ماہانہ تنخواہ پر بھرتی کیا جائے گا۔