سرکاری سکولوں میں نئے داخل ہونے والے طلباء مفت درسی کتب سے محروم

09-10-2026

(لاہور نیوز) موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سرکاری سکولوں میں نئے داخل ہونے والے طلباء کو تاحال مفت درسی کتب فراہم نہ کی جا سکیں۔

ذرائع کے مطابق متعدد سرکاری سکولوں میں نئے داخل ہونے والے بچوں کے والدین کو مفت درسی کتب کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، والدین کا کہنا ہے کہ بچوں کو سکولوں میں داخل تو کروا دیا گیا ہے تاہم کتابیں دستیاب نہ ہونے کے باعث ان کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ مفت درسی کتب کی فراہمی میں تاخیر کا معاملہ سامنے آنے پر پروگرام مانیٹرنگ اینڈ ایمپلیمنٹیشن یونٹ (PMIU) نے مختلف ویئر ہاؤسز میں دستیاب درسی کتب کا ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔ محکمہ تعلیم  نے تمام ویئر ہاؤسز میں دستیاب مفت درسی کتب کا مکمل ڈیٹا دو روز کے اندر فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ سکولوں کی ضرورت کے مطابق کتابوں کی بروقت فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق مختلف ویئر ہاؤسز میں مفت درسی کتب کے اضافی سیٹ موجود ہیں، دستیاب کتب کو مختلف ویئر ہاؤسز سے اکٹھا کرکے ضرورت کے مطابق سرکاری سکولوں کو فراہم کر دیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ درسی کتب کی فراہمی کا عمل تیز کیا جا رہا ہے تاکہ نئے داخل ہونے والے طلباء کو تعلیمی سال کے آغاز ہی میں مفت کتابیں فراہم کی جا سکیں اور داخلہ مہم بھی متاثر نہ ہو۔