لاہور جنرل ہسپتال میں ریسکیو 1122 اور انتظامیہ کی ہنگامی اخراج ماک ایکسرسائز

09-10-2026

(لاہور نیوز) لاہور جنرل ہسپتال میں ریسکیو 1122 اور ہسپتال انتظامیہ کے اشتراک سے ہنگامی اخراج کی ماک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہنگامی صورتحال کے دوران مریضوں اور خصوصاً نرسری وارڈ میں موجود بچوں کے محفوظ انخلاء کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔

ماک ایکسرسائز کے دوران نرسری وارڈ سے ڈمی بچوں کو ہنگامی صورتحال میں محفوظ طریقے سے ہسپتال سے باہر منتقل کرنے کا مظاہرہ کیا گیا، جبکہ ہسپتال میں نصب حفاظتی آلات اور فائر ہائیڈرینٹس کی فعالیت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر لاہور نے ڈپٹی کمشنر لاہور کے ہمراہ لاہور جنرل ہسپتال کا دورہ کیا، اس موقع پر کمشنر لاہور  نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے باہر نصب فائر ہائیڈرینٹس، وارڈز اور کاریڈورز میں آگ بجھانے والے آلات کی تنصیب اور فعالیت کا معائنہ کیا۔ کمشنر لاہور  نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام ٹی ایچ کیوز، ڈی ایچ کیوز اور ٹیچنگ ہسپتالوں میں سیفٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں، ہسپتالوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حفاظتی آلات کی دستیابی کے ساتھ ساتھ ان کی فعالیت بھی برقرار رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو سیفٹی پروٹوکولز کے حوالے سے ایک پیج پر ہونا چاہئے، ریسکیو 1122 تمام ہیلتھ فسیلیٹیز میں فائر آڈٹ رپورٹس جلد از جلد مکمل کرے تاکہ حفاظتی انتظامات میں موجود خامیوں کی بروقت نشاندہی اور ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں  نے مزید ہدایت کی کہ ہسپتالوں کے عملے کو سیفٹی آلات کے استعمال کی تربیت ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرائی جائے اور تربیتی اقدامات کو بھی مکمل طور پر چیک کیا جائے۔