پنجاب کی پانچ میڈیکل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی تقرری کا معاملہ اہم مرحلے میں داخل
09-10-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کی پانچ اہم میڈیکل یونیورسٹیز میں مستقل وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، جبکہ امیدواروں کے نام تقریباً فائنل کر لیے گئے ہیں، پانچوں نام صوبائی کابینہ کی منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
دستاویز کے مطابق کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی (KEMU) کے وائس چانسلر کے لیے پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز کو نامزد کیا گیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز وائس چانسلر کے انتخاب کے لیے قائم سرچ کمیٹی کے میرٹ میں پہلے نمبر پر رہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) کے وائس چانسلر کے لیے میجر جنرل ریٹائرڈ سہیل صابر کو نامزد کیا گیا ہے، جو سرچ کمیٹی کے میرٹ میں بھی پہلے نمبر پر رہے۔ اسی طرح راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی (RMU) کے وائس چانسلر کے لیے میجر جنرل ریٹائرڈ سہیل امین کا نام سامنے آیا ہے۔ وہ بھی سرچ کمیٹی کی جانب سے مرتب کیے گئے میرٹ میں پہلے نمبر پر رہے۔ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی (FMU) کے وائس چانسلر کے لیے پروفیسر سید اصغر نقوی کو نامزد کیا گیا ہے۔ دستاویز کے مطابق پروفیسر سید اصغر نقوی بھی سرچ کمیٹی کے میرٹ میں پہلے نمبر پر رہے۔ تاہم فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی (FJMU) کے وائس چانسلر کی تقرری میں میرٹ فہرست کے حوالے سے مختلف صورت حال سامنے آئی ہے۔ دستاویز کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر زہرا خانم کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی وائس چانسلر کے لیے نامزد کیا گیا ہے، حالانکہ وہ سرچ کمیٹی کے میرٹ میں تیسرے نمبر پر تھیں۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ میرٹ نمبر ایک پر موجود پروفیسر ڈاکٹر محمد معین کی پروفیشنل پروفائل پر سوالات اٹھائے گئے۔ ان کی بنیادی تخصص آنکھوں کے شعبے میں ہے اور دستاویز کے مطابق ان کی پروفائل فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے مخصوص ادارہ جاتی تقاضوں سے مکمل طور پر ہم آہنگ نہیں تھی۔ میرٹ نمبر دو پر موجود پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم کی یونیورسٹی سطح پر سابقہ انتظامی خدمات نہ ہونے کو بھی مدنظر رکھا گیا۔ دستاویز کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم سروسز ہسپتال اور اے آئی ایم جی میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔ دستاویز میں پروفیسر ڈاکٹر زہرا خانم کو گائناکالوجسٹ ہونے کے ساتھ ساتھ انتظامی و مینجمنٹ صلاحیتوں کی حامل قرار دیا گیا ہے۔ وہ تقریباً ایک دہائی تک فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور سر گنگا رام ہسپتال میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ دستاویز کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر زہرا خانم کی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے ادارہ جاتی نظام سے گہری واقفیت کو بھی ان کی نامزدگی میں اہمیت دی گئی۔ ان کے دور میں ادارے کو ڈائمنڈ ایوارڈ ملنے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پروفیسر ڈاکٹر زہرا خانم کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی وائس چانسلر مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ پانچوں یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی نامزدگیاں اب صوبائی کابینہ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی کابینہ آئندہ اجلاس میں وائس چانسلرز کی تقرریوں کے معاملے پر غور کرے گی، جبکہ انتظامی محکمہ کابینہ کو اس حوالے سے بریفنگ دے گا۔ یوں چار میڈیکل یونیورسٹیز میں سرچ کمیٹی کے میرٹ نمبر ایک امیدواروں جبکہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں میرٹ نمبر تین امیدوار کی نامزدگی کے بعد پنجاب کی پانچ اہم میڈیکل یونیورسٹیز میں مستقل قیادت کی تقرری کا عمل حتمی مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔