محمد یوسف نے قومی بلے بازوں کو تکنیک بہتر بنانے کا مشورہ دے دیا
09-10-2026
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز بیٹسمین محمد یوسف نے قومی ٹیم کے بلے بازوں کی تکنیکی خامیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا ہے کہ وہ بیٹنگ کی بنیادی تکنیک سیکھ لیں، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔
انگلینڈ کے خلاف برمنگھم ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی کے باعث قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 133 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی بیٹنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا کہ قومی ٹیم کے بلے باز گیند آنے سے قبل ہی مسلسل اپنی پوزیشن تبدیل کرتے رہے، جس کے باعث وہ گیند کی لائن اور لینتھ کو درست طور پر جج کرنے میں ناکام رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بلے باز گیند آنے سے پہلے سینہ کھول کر مسلسل آگے پیچھے ہوتے رہیں تو ان کیلئے گیند کی لائن اور لینتھ کا درست اندازہ لگانا مشکل ہو جاتا ہے، ایسی صورتحال میں بلے باز اکثر جسم سے دور جا کر شاٹس کھیلتے ہیں، جس سے آؤٹ ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ محمد یوسف نے قومی ٹیم کی بیٹنگ پر سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کی کارکردگی کے بارے میں صرف یہی کہا جاسکتا ہے کہ ’’سیکھو، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔‘‘