ویمنز جونیئر ایشیا ہاکی کپ: پاکستان کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا
09-10-2026
(لاہور نیوز) ویمنز جونیئر ایشیا ہاکی کپ 2026 کے چیلنجر پول میں پاکستان ویمنز جونیئر ٹیم نے قازقستان کے خلاف میچ 1-1 گول سے برابر کرکے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
پاکستان اور قازقستان کی ویمنز جونیئر ٹیموں کے درمیان میچ میں دونوں جانب سے سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، قازقستان نے پہلے کوارٹر میں برتری حاصل کی، جب 15ویں منٹ میں امان گیلڈی ژانسایا نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی۔ پاکستانی ٹیم نے میچ میں واپسی کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھیں اور بالآخر چوتھے کوارٹر کے 55ویں منٹ میں گول کرنے میں کامیاب ہو گئی، پاکستانی کپتان شارقہ سرور نے اہم گول سکور کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ میچ کے اختتام تک مزید کوئی گول نہ ہو سکا اور مقابلہ برابری پر ختم ہوا، اس نتیجے کے بعد پاکستان ویمنز جونیئر ٹیم نے ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔