پنجاب کی جیلوں میں کرپشن کے خلاف بڑا ایکشن، 16 افسران و اہلکار معطل
09-09-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کی مختلف جیلوں میں کرپشن، بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 16 افسران و اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
معطل کیے گئے افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے، گوجرانوالہ، میانوالی، مظفرگڑھ، ملتان، رحیم یار خان اور دیگر جیلوں کے افسران و اہلکار بھی کارروائی کی زد میں آئے ہیں۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فرائض میں غفلت اور اختیارات سے تجاوز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ کرپشن یا اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ کارروائی ہو گی جبکہ شکایت موصول ہونے پر فوری کارروائی کی جائے گی محکمہ جیل خانہ جات میں سپرنٹنڈنٹس سے وارڈرز تک احتساب کا عمل مزید تیز کردیا گیا ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کا کہنا ہے کہ محکمہ جیل خانہ جات میں شفافیت، احتساب اور نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔