پراسیکیوشن پنجاب اور ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا مشترکہ اقدامات مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

09-09-2026

(محمد اشفاق) خواتین کو انصاف کی فراہمی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے اہم پیش رفت، پراسیکیوشن پنجاب اور ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے مشترکہ اقدامات مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چودھری عرفان صادق تارڑ کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں وزیر پراسیکیوشن پنجاب رانا بلال احمد اور چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ اور ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان راجہ خرم شہزاد سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے، خواتین سے متعلق مقدمات میں مؤثر قانونی کارروائی اور بروقت انصاف یقینی بنانے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے خواتین کے مقدمات میں باہمی رابطہ کاری اور قانونی معاونت مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، جبکہ خواتین کو انصاف کی فراہمی اور ان کے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کا عزم بھی کیا گیا۔ وزیر پراسیکیوشن پنجاب رانا بلال احمد نے دونوں اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کے تحفظ اور انہیں انصاف کی فراہمی کے لیے ادارے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چودھری عرفان صادق تارڑ کا کہنا تھا کہ خواتین کو انصاف کی فراہمی محکمہ پراسیکیوشن کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے ساتھ مربوط تعاون سے خواتین کے مقدمات کی بہتر پیروی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل پنجاب ارشد فاروقی نے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ خواتین کے تحفظ اور قانونی حقوق کے دفاع کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔