لاہور: پٹرول پمپ کے سیکیورٹی گارڈز پر تشدد کرنیوالا ملزم راولپنڈی سے گرفتار
09-09-2026
(لاہور نیوز) لاہور کے ایئرپورٹ روڈ پر پٹرول پمپ کے سیکیورٹی گارڈز اور ورکرز پر تشدد کرنیوالے ملزم محمد رضوان کو جنوبی چھاؤنی پولیس نے راولپنڈی سے اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزم نے ساتھی کے ہمراہ پٹرول پمپ پر سیکیورٹی گارڈ اور ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جبکہ اسلحہ نکال کر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں، واقعہ کا مقدمہ ملزم کیخلاف تھانہ جنوبی چھاؤنی میں درج کیا گیا تھا، پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور شواہد کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔