حافظ نعیم الرحمان کی ایمل ولی کو جماعت اسلامی کے دھرنوں میں شرکت کی دعوت
09-09-2026
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سینیٹر ایمل ولی خان کو جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنوں میں شرکت کی دعوت دی، جسے ایمل ولی خان نے قبول کر لیا۔
حافظ نعیم الرحمان کا اے این پی کے صدر و سینیٹر ایمل ولی خان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس، میں ملکی سیاسی صورتحال، مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری احتجاجی دھرنوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو عوامی حقوق اور مہنگائی کے خلاف اکٹھا ہونا ہو گا۔ امیر جماعت اسلامی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز اور لیوی کا بوجھ فوری طور پر کم کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے، انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی اور مہنگی بجلی کے خاتمے تک جماعت اسلامی کی ملک گیر تحریک جاری رہے گی۔ سینیٹر ایمل ولی خان نے پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے۔