پنجاب میں کم کرایوں والی دکانوں کی دوبارہ نیلامی یا متبادل ماڈل کا حکم
09-09-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کے متعدد اضلاع میں بلدیاتی اداروں کی دکانیں انتہائی کم نرخوں پر کرائے پر دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں انکشاف ہوا کہ مختلف اضلاع میں بلدیاتی دکانوں کے کرائے مارکیٹ ریٹ کے مقابلے میں انتہائی کم ہیں، جس کے باعث سرکاری آمدن متاثر ہو رہی ہے، اجلاس میں دکانوں کے کرائے مارکیٹ ریٹ کے مطابق کرنے اور ریونیو میں اضافے کیلئے موجودہ نظام پر نظرثانی کے احکامات جاری کئے گئے۔ اجلاس میں کم کرایوں پر دی گئی سرکاری دکانوں کی دوبارہ نیلامی کی ضرورت پر بھی غور کیا گیا، جبکہ بلدیاتی دکانوں کیلئے ایسا متبادل ماڈل تیار کرنے کی تجویز دی گئی جس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ سرکاری آمدن یقینی بنائی جا سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بلدیاتی دکانوں کے موجودہ نظام کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کو کمیٹی کا کنوینر جبکہ وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق کو شریک کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، وزیر بلدیات ذیشان رفیق، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید اور سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود کو کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے، خصوصی کمیٹی پنجاب بھر میں بلدیاتی دکانوں کے موجودہ نظام، کرایوں اور نیلامی کے طریقہ کار کا جائزہ لے گی اور سرکاری آمدن میں اضافے کیلئے اپنی سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی۔