لاہور میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلئے نیا داخلی و خارجی راستہ بنانے کا فیصلہ
09-09-2026
(لاہور نیوز) شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے نئے داخلی و خارجی راستے کی منصوبہ بندی شروع کردی۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے موجودہ بڑے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کے بڑھتے دباؤ کو کم کرنے کے لیے متبادل روٹ تیار کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ نیا راستہ ملتان روڈ کو بند روڈ اور بابو صابو سے منسلک کرے گا۔ منصوبے کے تحت کھاڑک نالہ سے بابو صابو اور بند روڈ تک نئی سڑک تعمیر کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ نئے روٹ پر دو رویہ سڑک تعمیر کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ایل ڈی اے نے نئے داخلی و خارجی راستے کا تفصیلی اور جامع پلان تیار کرنا شروع کردیا ہے۔ منصوبے کے لیے سرکاری اور نجی اراضی ایکوائر کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ نئے راستے کی تعمیر سے ملتان روڈ سے آنے والی ٹریفک کو شہر میں داخل ہوئے بغیر لاہور سے باہر جانے کے لیے براہِ راست متبادل راستہ میسر آسکے گا، جبکہ ملتان روڈ کی ٹریفک کو موٹروے تک رسائی بھی آسان بنانے کا منصوبہ ہے۔ تجویز کردہ نیا روٹ ٹھوکر نیاز بیگ، فیروزپور روڈ، کاہنہ اور راوی پل کے بعد لاہور کا ایک نیا بڑا داخلی و خارجی راستہ بن سکے گا۔ حکام کے مطابق منصوبے کا مقصد شہر کے موجودہ داخلی راستوں پر ٹریفک کا بوجھ کم کرنا اور لاہور میں ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانا ہے۔ بابو صابو، بند روڈ اور ملتان روڈ کو باہم منسلک کرنے والے اس نئے روٹ سے شہر میں داخلے اور لاہور سے باہر نکلنے کے لیے شہریوں کو ایک اضافی اور نسبتاً مختصر راستہ دستیاب ہوگا۔