سموگ سیزن سے قبل پنجاب میں آلودگی کے خلاف کارروائیاں سخت کرنے کا فیصلہ

09-09-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں سموگ سیزن سے قبل فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے ماحولیاتی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول پنجاب عبداللہ نیئر شیخ  نے متعلقہ اداروں کو آلودگی کے ذرائع پر مؤثر انداز میں قابو پانے کی ہدایات جاری کر دیں، ادارہ تحفظ ماحول پنجاب نے ستھرا پنجاب اتھارٹی کو سڑکوں کی خشک صفائی فوری طور پر ترک کرنے اور صفائی کیلئے مکینیکل یا گیلی صفائی کا نظام یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق خشک صفائی کے دوران سڑکوں پر موجود گرد و غبار دوبارہ فضا میں شامل ہو جاتا ہے، جس سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے، حکام  نے کچرا، پتے اور دیگر فضلہ کھلے عام جلانے پر بھی سخت پابندی عائد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ زیر تعمیر سڑکوں اور عمارتوں پر ڈسٹ کنٹرول ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم بھی دیا گیا ہے، تعمیراتی مقامات پر پانی کا باقاعدگی سے چھڑکاؤ اور تعمیراتی سامان کو ڈھانپنا لازمی قرار دیا گیا، جبکہ منصوبوں کے اطراف ڈسٹ کنٹینمنٹ بیریئرز نصب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ گرد و غبار کو آبادی اور سڑکوں تک پھیلنے سے روکا جا سکے۔ ادارہ تحفظ ماحول پنجاب کی جانب سے ڈسٹ کنٹرول ایس او پیز پر عملدرآمد کو تعمیراتی منصوبوں کی منظوری اور تکمیل کی شرائط کا حصہ بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے، ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول پنجاب عبداللہ نیئر شیخ  نے کہا کہ سموگ سیزن شروع ہونے سے پہلے ہی آلودگی کے تمام بڑے ذرائع کو کنٹرول کیا جائے گا اور ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ترجمان ادارہ تحفظ ماحول پنجاب ساجد بشیر  نے کہا کہ خشک صفائی، تعمیراتی گرد و غبار اور کچرا جلانے کے خلاف مانیٹرنگ مزید سخت کی جا رہی ہے، صاف ہوا کی فراہمی کیلئے آلودگی کے ذرائع کو سموگ سیزن سے پہلے ہی کنٹرول کرنا اولین ترجیح ہے۔