سموگ سیزن سے قبل آلودگی کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ
09-09-2026
(لاہور نیوز) سموگ سیزن سے قبل فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے محکمہ تحفظ ماحول پنجاب نے کارروائیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول پنجاب عبداللہ نیئر شیخ نے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ڈی جی ماحولیات نے ستھرا پنجاب اتھارٹی کو سڑکوں کی خشک صفائی فوری طور پر ترک کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ خشک صفائی سے گرد و غبار دوبارہ فضا میں شامل ہو کر آلودگی میں اضافہ کرتا ہے، اس لیے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے متبادل صفائی نظام اپنایا جائے۔ عبداللہ نیئر شیخ نے کچرا، پتے اور دیگر فضلہ کھلے عام جلانے پر سخت پابندی عائد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے زیر تعمیر سڑکوں اور عمارتوں پر ڈسٹ کنٹرول ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے پانی کا چھڑکاؤ، تعمیراتی سامان کو ڈھانپنے اور منصوبوں کے اطراف ڈسٹ بیریئرز نصب کرنے کو لازمی قرار دیا۔ ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول پنجاب کا کہنا تھا کہ گرد و غبار کو آبادی اور سڑکوں تک پھیلنے سے روکنا ضروری ہے اور سموگ کے آغاز سے پہلے آلودگی کے تمام ممکنہ ذرائع کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جائے۔