نشرہ سندھو نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سفیان مقیم کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا
09-09-2026
(ویب ڈیسک) اپنی شاندار بولنگ سے پاکستان کو ٹی 20 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچانے والی نشرہ سندھو نے پاکستان کیلئے نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔
دبئی میں کھیلے جا رہے ویمنز ایشیا کپ کے اہم میچ میں ہانگ کانگ کو ہرا کر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا، اس جیت کا سہرا نشرہ سندھو کے سر جاتا ہے، جنہوں نے صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ہی نشرہ سندھو پاکستان کیلئے اہم اعزاز بنانے میں کامیاب ہو گئیں، وہ مینز اور ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے کسی ایک میچ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی پہلی قومی بولر بن گئی ہیں۔ اس سے قبل مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک میچ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز سپنر سفیان مقیم کے پاس تھا، جنہوں نے تین رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی ہوئی تھیں۔ ویمنز کرکٹ میں سب سے بہترین بولنگ کا ریکارڈ عمیمہ سہیل کے پاس تھا، جنہوں نے 13 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں، جو اب دوسرے نمبر پر چلی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ رواں ویمنز ایشیا کپ میں ہی سری لنکا کی چماری اتاپتو نے ہانگ کانگ کے خلاف 5 رنز دے 7 وکٹیں حاصل کی ہیں۔