صوبائی وزیر صحت کا میو ہسپتال میں صفائی کی ناقص صورتحال پر کارروائی کا حکم
09-08-2026
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے او پی ڈی ایریا کے مختلف وارڈز اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
خواجہ سلمان رفیق نے ای این ٹی وارڈ اور اس کے پرچی کاؤنٹرز کا بھی معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کی کینٹین میں صفائی کی ناقص صورتحال اور گندگی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔ صوبائی وزیر نے مریضوں اور تیمارداروں کی سہولت کیلئے ہسپتال کے متعلقہ حصے کو ہوا دار بنانے کی خاطر پنکھے لگانے کی ہدایت کی، انہوں نے مریضوں کے اہل خانہ کے بیٹھنے کیلئے کرسیاں اور بینچز لگانے کا بھی حکم دیا، دورے کے موقع پر سی ای او میو ہسپتال پروفیسر محمد شعیب نبی اور ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر عبدالمدبر ریحان بھی موجود تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ کسی بھی سرکاری ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس مقصد کیلئے ہسپتالوں میں سہولیات اور انتظامی امور کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔