میٹرک کے بعد 91 فیصد طلبہ ڈراپ آؤٹ، گیارہویں جماعت تک نہ پہنچ سکے
09-08-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کے سرکاری سکولوں میں میٹرک کے بعد طلبہ کے ڈراپ آؤٹ کی شرح نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کی رپورٹ کے مطابق دسویں جماعت میں زیرِ تعلیم 6 لاکھ 28 ہزار 836 طلبا و طالبات میں سے گیارہویں جماعت میں صرف 56 ہزار 549 طلبہ و طالبات داخل ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق دسویں سے گیارہویں جماعت میں منتقلی کے دوران 5 لاکھ 72 ہزار سے زائد طلبا وطالبات تعلیمی نظام سے غائب ہوگئے، جبکہ میٹرک کے بعد طلبہ کی تعداد میں تقریباً 91 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق دسویں جماعت میں 2 لاکھ 82 ہزار 76 طلبا اور 3 لاکھ 46 ہزار 746 طالبات زیرِ تعلیم تھیں۔ گیارہویں جماعت میں داخل ہونے والوں میں صرف 18 ہزار 139 طلبا جبکہ 38 ہزار 410 طالبات شامل ہیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کی رپورٹ کے مطابق دسویں جماعت کے بعد ہر 10 میں سے تقریباً 9 طلبہ گیارہویں جماعت تک نہیں پہنچ پاتے۔ میٹرک کے بعد 91 فیصد ڈراپ آؤٹ نے پنجاب کے تعلیمی نظام اور طلبہ کے مستقبل پر بڑا سوالیہ نشان کھڑا کردیا۔