لیسکو میں بائی ڈائریکشنل میٹرز کی قلت، اجرا کا عمل روک دیا گیا

09-08-2026

(ویب ڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں سولر سسٹم کنکشنز کیلئے استعمال ہونے والے بائی ڈائریکشنل گرین میٹرز کی قلت پیدا ہو گئی، جس کے باعث نئے میٹرز کا اجرا تعطل کا شکار ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لیسکو میں بائی ڈائریکشنل گرین میٹرز کا محدود سٹاک دستیاب ہونے کے باعث نئے میٹرز کا اجرا روک دیا گیا ہے، جبکہ ای آر پی کوڈ کے تحت جمع کرائی گئی میٹرز کی ایلوکیشنز بھی التوا کا شکار ہونے لگی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد صارفین سولر سسٹم نصب کروانے کے بعد بائی ڈائریکشنل گرین میٹرز کے ڈیمانڈ نوٹسز جمع کرا چکے ہیں، لیسکو کی جانب سے نیٹ بلنگ پالیسی کے تحت صارفین کو بائی ڈائریکشنل میٹرز کے ڈیمانڈ نوٹسز جاری کئے گئے تھے۔ ڈیمانڈ نوٹسز جمع ہونے کے بعد متعلقہ دفاتر  نے میٹرز کے اجرا کیلئے آن لائن کارروائی مکمل کی، جبکہ ڈویژنز اور سرکلز سے ہوتے ہوئے میٹرز کی مجموعی ڈیمانڈ شعبہ میٹریل مینجمنٹ کے پاس جمع ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق بائی ڈائریکشنل میٹرز کی عدم دستیابی کے باعث نئے سولر کنکشنز کیلئے میٹرز کی تنصیب اور خراب میٹرز کی تبدیلی کا عمل بھی متاثر ہو گیا ہے۔ میٹرز کی قلت کے باعث سولر صارفین کو نئے کنکشنز کے اجرا اور خراب میٹرز کی تبدیلی کیلئے مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ زیر التوا درخواستوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔