ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی جانچنے کیلئے خفیہ سروے کا فیصلہ
09-08-2026
(لاہور نیوز) ستھرا پنجاب پروگرام اور مثالی گاؤں منصوبوں کی کارکردگی جانچنے کیلئے خفیہ سروے کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق طے شدہ اہداف پر عملدرآمد اور منصوبوں کی زمینی صورتحال جانچنے کیلئے خفیہ مانیٹرنگ کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، جبکہ منصوبوں میں کسی بھی قسم کی کرپشن یا بے ضابطگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صفائی کے عمل میں ناقص کارکردگی، غفلت یا سرکاری وسائل کے غلط استعمال کی شکایات پر سخت کارروائی کی جائے گی، ستھرا پنجاب پروگرام میں غفلت یا کرپشن کی شکایت کو ناقابلِ معافی تصور کیا جائے گا۔ خفیہ سروے کیلئے وزیراعلیٰ انسپیکشن ٹیم اور دیگر متعلقہ ذرائع کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، سروے کے ذریعے صفائی کے معیار، فیلڈ میں جاری سرگرمیوں اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا جائے گا۔ دوسری جانب ستھرا پنجاب پروگرام کی روزانہ کی بنیاد پر ڈیجیٹل مانیٹرنگ بھی شروع کر دی گئی ہے، جس کے تحت صفائی آپریشن، فیلڈ سرگرمیوں اور منصوبوں پر پیشرفت کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا۔ حکومت نے متعلقہ اداروں کو کارکردگی مزید بہتر بنانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔