بوگس نمبر پلیٹس لگانے پر 113 موٹرسائیکلوں اور لگژری گاڑیوں کیخلاف مقدمات درج
09-08-2026
(لاہور نیوز) ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران بوگس نمبر پلیٹس لگانے پر 113 موٹرسائیکلوں اور لگژری گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ انفورسمنٹ مہم کے دوران بغیر نمبر پلیٹس اور "اپلائیڈ فار" نمبر پلیٹس کے ساتھ چلنے والی 17 ہزار 749 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، جبکہ فینسی اور ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس نہ لگانے پر 12 ہزار 996 گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق نمبر پلیٹس توڑنے یا گاڑی کا ماڈل چھپانے پر 11 ہزار 552 گاڑیوں کو بھی چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، جبکہ معمولی خلاف ورزیوں پر 84 ہزار سے زائد موٹر سائیکل اور گاڑی مالکان کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ بوگس نمبر پلیٹس لگانے والوں کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑی ٹرانسفر کروانے کی صورت میں پرانے نمبر کی بجائے نیا یونیورسل نمبر استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر اپنی شناخت چھپانے کے لیے جعلی نمبر پلیٹس کا استعمال کرتے ہیں، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔