ایف آئی اے کی کارروائیاں، جعلی مصنوعات کی فروخت اور حوالہ ہنڈی میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

09-08-2026

(لاہور نیوز) ایف آئی اے لاہور زون نے مختلف کارروائیوں کے دوران جعلی مصنوعات کی فروخت اور حوالہ ہنڈی و غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائیاں کمرشل بینکنگ سرکل اور کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی جانب سے کی گئیں۔ ملزمان کو لاہور کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں محمد امجد، محمد احمد اور معصم خان شامل ہیں۔ محمد امجد اور محمد احمد کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے معروف کمپنی کی بھاری تعداد میں جعلی مصنوعات برآمد کی گئیں۔ دوسری کارروائی میں ملزم معصم خان کو حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے 38 ہزار 500 پاکستانی روپے، موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی و غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق شواہد برآمد ہوئے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔