پنجاب بھر میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے نئے فلٹریشن پلانٹس کا دائرہ کار وسیع
09-08-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اگلے دو ماہ کے دوران 1886 نئے فلٹریشن پلانٹس فعال کیے جائیں گے۔ راولپنڈی ڈویژن میں 1082 جبکہ جنوبی پنجاب میں 800 نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس مکمل فعال ہوں گے۔ صاف پانی اتھارٹی کی بریفنگ کے مطابق لاہور کے 650 پرانے فلٹریشن پلانٹس کے فساڈ بہتر کر دیے گئے ہیں، جبکہ اگلے سال صوبے کے دیگر اضلاع میں مزید 2 ہزار نئے فلٹریشن پلانٹس شامل کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ شمالی پنجاب میں صاف پانی کی دستیابی کیلئے متبادل اقدامات پر بھی کام جاری ہے۔ بریفنگ کے مطابق جنوبی پنجاب کے چار اضلاع میں شہریوں کو روزانہ 2500 صاف پانی کی بوتلیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں نئے فلٹریشن پلانٹس کی تکمیل سے پانی کی کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ پرانے فلٹریشن پلانٹس کی بحالی اور تزئین و آرائش سے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ انہوں نے فلٹریشن پلانٹس کی مانیٹرنگ اور دیکھ بھال کا نظام مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بلال یاسین نے ہدایت کی کہ صاف پانی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ فلٹریشن پلانٹس کی کارکردگی، پانی کے معیار اور عوامی سہولیات کی باقاعدگی سے نگرانی یقینی بنائی جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شہریوں کو صاف اور صحت بخش پینے کا پانی فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔