گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کا آفس آف اے آئی پنجاب کا دورہ

09-08-2026

(لاہور نیوز) گیٹس فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے آفس آف اے آئی پنجاب کا دورہ کیا، جہاں مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی اور ترقی کے شعبوں میں طویل مدتی شراکت داری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کی قیادت گیٹس فاؤنڈیشن کی صدر جینڈر ایکویلٹی ڈویژن انیتا زیدی اور عبوری صدر گلوبل پالیسی اینڈ ایڈووکیسی ڈویژن کلپنا کوچر  نے کی۔ اس موقع پر آفس آف اے آئی پنجاب کے نمائندوں اور گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کے درمیان اے آئی ایجنڈا، ٹیکنالوجی اور پبلک سیکٹر میں مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال سمیت مختلف امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ علی ڈار  نے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ موجودہ تعاون کو مزید وسعت دے کر ایک دیرپا اور نتیجہ خیز اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں، آوازِ صحت پائلٹ کے ذریعے زچہ و بچہ کی صحت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کا استعمال آفس آف اے آئی اور گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کی اہم مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی اور ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی شعبے کو درپیش مسائل کے عملی، مؤثر اور قابلِ توسیع حل تیار کرنے پر توجہ مرکوز ہے، گیٹس فاؤنڈیشن کی عالمی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے ذریعے پبلک سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ علی ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اے آئی ویژن 2029 کے تحت مصنوعی ذہانت کو عوامی خدمات میں بہتری کیلئے بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ انہوں  نے مزید کہا کہ آفس آف اے آئی اور نیشنل اے آئی ہب کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) مقامی ضروریات سے ہم آہنگ اے آئی حل کی تیاری میں تعاون کو مزید مضبوط کرے گی، جبکہ گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری اے آئی، صحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جدت اور مشترکہ اقدامات کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ علی ڈار  نے کہا کہ آفس آف اے آئی عالمی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے مصنوعی ذہانت کو بہتر حکومتی خدمات کی فراہمی کا مؤثر ذریعہ بنا رہا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، سیکریٹری اے آئی احمد رجوانہ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔