پنجاب پولیس میں 71 سب انسپکٹرز کی انسپکٹر کے عہدہ پر ترقی

09-07-2026

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس میں پروموشن بورڈ کے اجلاس کے پہلے مرحلے میں میرٹ اور قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے 71 سب انسپکٹرز کو انسپکٹر کے عہدہ پر ترقی دے دی گئی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پروموشن بورڈ کے پہلے فیز میں 300 کیسز زیر غور آئے، ایڈیشنل آئی جی پنجاب عمران ارشد کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں 71 سب انسپکٹرز کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ ترقی پانے والوں میں لاہور کے 7، راولپنڈی کے 19، ملتان کے 8، بہاولپور کے 2 اور ڈی جی خان کے 2 افسران شامل ہیں جبکہ گوجرانوالہ کے 8، گجرات کے 3، فیصل آباد کے 11، شیخوپورہ کے 4 اور سرگودھا کے 6 سب انسپکٹرز بھی انسپکٹر کے عہدہ پر ترقی پانے والوں میں شامل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پروموشن بورڈ کے دوسرے فیز کا اجلاس آئندہ چند روز میں ہوگا، جس میں انسپکٹر کے عہدے پر ترقی کے لیے 300 سے زائد مزید کیسز زیر غور آئیں گے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں پاکستانیوں کی بے لوث خدمت اور بے خوف حفاظت کرنے کی ہدایت کی۔