پنجاب کے طلبہ کیلئے خوشخبری، وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیکس سکیم کا پورٹل بحال

09-07-2026

(لاہور نیوز) پنجاب کے طلبہ کیلئے خوشخبری، وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیکس اسکیم کا پورٹل بحال ہو چکا ہے جس کے تحت اب آپ اپلائے کر سکتے ہیں۔ اسکیم کا مقصد طلبہ کو آسان، کم خرچ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔

اس سکیم کے تحت اہل طلبہ، جن میں لڑکے اور لڑکیاں دونوں شامل ہیں، کو بائیکس کی خریداری کیلئے بلاسود فنانسنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ حکومت کی جانب سے بائیکس پر سبسڈی بھی دی جائے گی۔ طلبہ آسان ماہانہ اقساط میں رقم ادا کر سکیں گے، سکیم میں مفت ہیلمٹ اور حفاظتی سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔ طلبہ کو جدید الیکٹرک بائیک فراہم کی جائے گی جس میں 72 وولٹ، 30 ایمپیئر آور بیٹری نصب ہو گی، بائیک کی زیادہ سے زیادہ رفتار 50 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ موٹر کی طاقت 1000 واٹ ہو گی۔ اس سکیم سے پنجاب کے اہل سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ استفادہ کرسکیں گے، درخواست دینے کیلئے کم از کم عمر 16 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ امیدوار کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ ہونا ضروری ہے۔  اس کے علاوہ درست شناختی کارڈ (CNIC) بھی لازمی ہو گا، سکیم کے تحت والدین یا قانونی سرپرست بطور ضامن مقرر ہوسکتے ہیں، درخواست گزار کی جانب سے فراہم کیا جانے والا موبائل نمبر ضامن کے نام پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہو گا۔ طلبہ وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیکس اسکیم کیلئے 4 اکتوبر 2026 تک آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے، درخواست دینے کیلئے سرکاری ویب سائٹ  https://bikes.punjab.gov.pk/ پر رجوع کیا جاسکتا ہے۔