پنجاب: 25 ہزار ایس ٹی آئیز کا کنٹریکٹ ختم، توسیع کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا

09-07-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں سکول ٹیچر انٹرنز (ایس ٹی آئیز) کے کنٹریکٹ میں توسیع کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہ ہو سکا۔

محکمہ سکول ایجوکیشن  نے 25 ہزار ایس ٹی آئیز کو بغیر باقاعدہ نوٹیفکیشن سکولوں میں اپنی تعلیمی خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن مدثر ریاض ملک کے مطابق اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے دو مرحلوں میں ساڑھے 12 ہزار ایس ٹی آئیز بھرتی کیے گئے تھے، مجموعی طور پر پنجاب بھر میں 25 ہزار سکول ٹیچر انٹرنز خدمات انجام دے رہے ہیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن  نے تمام ایس ٹی آئیز کو سکولوں میں اپنی تدریسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سے تمام ایس ٹی آئیز کو تنخواہیں جاری کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ پنجاب بھر کے 25 ہزار سکول ٹیچر انٹرنز کا کنٹریکٹ 22 مئی کو ختم ہو گیا تھا تاہم ایس ٹی آئیز کا مؤقف ہے کہ باقاعدہ نوٹیفکیشن نہ ہونے کے باعث بعض سکول سربراہان انہیں سکولوں میں تدریسی خدمات انجام دینے کی اجازت نہیں دے رہے۔