حماد اظہر 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
09-07-2026
(لاہور نیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک عابد حسین نے کیس کی سماعت کی، پولیس نے حماد اظہر کو عدالت کے روبرو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں نو مئی کے جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پراسکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ حماد اظہر مقدمے میں نامزد ملزم ہیں اور تفتیش کیلئے ان کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے، ملزم کا فوٹوگرامیٹرک ٹیسٹ کرانا، مبینہ طور پر انتشار پھیلانے کیلئے استعمال ہونے والا موبائل فون اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق شواہد ریکور کرنا ہیں۔ وکیل حماد اظہر نے عدالت کو بتایا کہ نو مئی کو حماد اظہر گوجرانوالہ میں موجود تھے اور جناح ہاؤس کے مقام پر موجود نہیں تھے، عدالت جیو فینسنگ کے ذریعے بھی ملزم کی لوکیشن چیک کر سکتی ہے۔ وکیل نے کہا کہ حماد اظہر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفتیش اور فوٹوگرامیٹرک ٹیسٹ کرانے کیلئے تیار ہیں، تاہم مستقبل میں سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جا سکتا۔