پی سی بی کی کھلاڑیوں کے ڈسپلن سے متعلق میڈیا رپورٹس پر انکوائری شروع
09-07-2026
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور رویے سے متعلق سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس پر باقاعدہ انکوائری شروع کر دی ہے۔
پی سی بی کے مطابق معاملے کا جائزہ بورڈ کے قواعد و ضوابط کے تحت لیا جا رہا ہے اور انکوائری میں تمام متعلقہ افراد کو اپنا موقف پیش کرنے کا پورا موقع فراہم کیا جائے گا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ کچھ پلیٹ فارمز پر سامنے آنے والی قیاس آرائیوں کو قابلِ اعتبار نہ سمجھا جائے، پی سی بی غیر مصدقہ اطلاعات اور خبروں پر اس وقت مزید تبصرہ نہیں کرے گا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے بعد کھلاڑیوں کو واپس بھیجنے اور ڈسپلن کی خلاف ورزی پر انکوائری ہو رہی ہے جبکہ کھلاڑیوں کے موبائل فونز رکھے جانے کی بھی انکوائری کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد پی سی بی نے قومی ٹیسٹ سکواڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کیں اور متعدد کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج دیا تھا اور کوچز کو بھی ٹیم سے ریلیز کر دیا تھا۔ بورڈ کے مطابق اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ متعلقہ حلقوں اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معلومات کیلئے صرف پی سی بی کے بیانات پر انحصار کریں۔