پنجاب، کرپشن کیخلاف کریک ڈاؤن، 54 افسران و اہلکار معطل اور برطرف، عظمیٰ بخاری

09-07-2026

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 54 افسران اور اہلکار معطل یا نوکریوں سے برخاست ہو چکے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان کیا ہے اور پنجاب کے تمام محکموں سے کرپشن کا خاتمہ ان کا مشن ہے جبکہ صرف محکمہ خوراک میں 48 افسران اور اہلکار گرفتار کئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ 6 ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا جبکہ 14 فوڈ کنٹرولرز  کے خلاف تادیبی کارروائی جاری ہے، وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور کی پارکنگ میں اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کو گرفتار کیا گیا، جبکہ چیچہ وطنی ٹی ایچ کیو ہسپتال میں اوور چارجنگ کا ٹھیکہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کرپشن ہمارے معاشرے کا ناسور بن چکی ہے اور اس کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تفریق جاری ہے، کسی کو ٹارگٹ نہیں کیا جائے گا، عوام کرپشن کے خاتمے کیلئے مریم نواز کے ساتھ ہیں اور پنجاب میں کرپشن کے خلاف کارروائی کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز  نے جو بھی فیصلہ کیا، اس پر عمل درآمد کروایا ہے اور انہوں  نے کبھی تنقید یا منفی پروپیگنڈے کی پرواہ نہیں کی، جھوٹے پروپیگنڈے اور ذاتی تنقید نے مریم نواز کو کمزور نہیں بلکہ چٹان کی طرح مزید مضبوط کیا ہے۔