اے ڈی بی کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری مزید مضبوط بنائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب
09-07-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی، مرکزی اور وسطی ایشیا ینگ منگ یانگ نے گزشتہ ہفتے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر ینگ منگ یانگ کا خیرمقدم کیا، جبکہ اے ڈی بی کے نائب صدر نے پرتپاک میزبانی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا، ملاقات کے دوران اے ڈی بی کے نائب صدر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے ویژن اور منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کو سراہا۔ ملاقات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، زراعت، ٹیکنیکل ہنر، صحت اور تعلیم سمیت اہم شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا، وزیراعلیٰ نے کارڈیک ہسپتال، چلڈرن ہسپتال اور کینسر ہسپتال کے منصوبوں کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی معاونت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ مریم نواز شریف نے پنجاب ایگری فوڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد میں تعاون پر اے ڈی بی کا شکریہ ادا کیا، ملاقات میں نرسنگ کی تعلیم، سکولوں میں سٹیم لیبز کے قیام اور کسانوں کو زرعی مشینری کی فراہمی کیلئے تین رعایتی قرضوں کے معاہدوں سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں تمام منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں، اگلے سال تک اے ڈی بی کی معاونت سے مزید 2 ہزار الیکٹرو بسیں سڑکوں پر دوڑتی نظر آئیں گی، ہیلتھ پراجیکٹس حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور عوام کی سہولت کیلئے انہیں جلد مکمل کیا جائے گا۔ مریم نواز شریف نے پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان کو زراعت کی بہتری اور معاشی ترقی کیلئے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ تیل دار بیجوں، دالوں اور پھلوں کی کاشت بڑھانے، زرعی فنانس اور کولڈ چینز کو بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ساتھ پاکستان کی مضبوط اور طویل مدتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنا چاہتی ہے، پنجاب پاکستان کی فوڈ باسکٹ ہونے کے ساتھ بڑھتی ہوئی ورک فورس کے باعث صنعتی ترقی کا مرکز بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا وسیع اصلاحاتی ایجنڈا مضبوط حکمرانی، بہتر سروسز کی فراہمی، اقتصادی بحالی اور پائیدار ترقی پر مرکوز ہے، PIVOT کے تحت صوبے میں ویلیو ایڈیشن، برآمدات، مہارتوں کی ترقی اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔