آئی پی پیز کا فرانزک ہو جائے تو سیاسی جماعتوں کی کرپشن سامنے آ جائے گی، نعیم الرحمن

09-07-2026

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے تو سیاسی جماعتوں کی کرپشن سامنے آ جائے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دھرنوں کا ماڈل لوگوں کو تکلیف پہنچانا نہیں، جماعت اسلامی کا احتجاج شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کرنے کے حق میں نہیں ہے، اشرافیہ اور ججز کی مراعات اور پنشن کا جائزہ لیا جائے، ملک میں 24 لاکھ کیسز زیر التوا ہیں، اس کے باوجود مراعات کا سلسلہ جاری ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بیوروکریسی اور ججز کے بچوں اور بیگمات کی شاپنگ سمیت دیگر اخراجات کا بوجھ عام موٹرسائیکل سوار اٹھا رہا ہے، ارب پتی شخص مہنگی گاڑی استعمال کرے یا عام آدمی موٹرسائیکل، دونوں پر یکساں لیوی ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن  نے بینکاری نظام پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سود کی شرح میں صرف ایک فیصد کمی کر دے تو اربوں روپے کی بچت ہو سکتی ہے، بینک لوٹ مار کر رہے ہیں اور ایک ماہ میں 50، 50 ارب روپے تک منافع کما رہے ہیں، بینکوں کا موجودہ نظام قوم کو لوٹنے کیلئے بنایا گیا ہے، جبکہ 8 ہزار ارب روپے قرضوں کی بجائے سود کی ادائیگی میں چلے جاتے ہیں۔ صوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن  نے کہا کہ آئین میں صوبوں کیلئے طریقہ کار موجود ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ حکومت کے پاس ابھی تک کوئی واضح پروپوزل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا بہتر حل مذاکرات ہیں، حکومت کو چاہئے کہ بات چیت کے ذریعے معاملات حل کرے، صوبوں کے حقوق کی حمایت عوام میں بھی موجود ہے، کیونکہ صوبوں کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے۔