ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس نے 4 تمغے اپنے نام کرلیے

09-06-2026

(ویب ڈیسک)کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقدہ چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستان نے رسہ کشی اور ماس ریسلنگ کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کانسی کے تمغے جیت لیے ہیں۔

رسہ کشی (ٹگ آف وار) کے 11 ایکس مقابلے میں طیب رضا اعوان نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے روس، جارجیا اور برطانیہ کے کھلاڑیوں کو یکے بعد دیگرے شکست دی، جبکہ تیسری پوزیشن کے فیصلہ کن میچ میں ایرانی حریف کو پچھاڑ کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اسی طرح 88 ایکس رسہ کشی کے ٹیم ایونٹ میں بھی پاکستان نے روایتی حریف بھارت سمیت دیگر ممالک کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اور بالآخر ایران کو ہرا کر ایک اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس ایونٹ کے دوران پاکستانی ٹیم کا مقابلہ برطانیہ، روس، جنوبی کوریا، قازقستان، کرغزستان، برازیل اور جارجیا جیسی مضبوط ٹیموں سے ہوا، جہاں قومی کھلاڑیوں نے شاندار مزاحمت اور طاقت کا مظاہرہ کیا۔ ماس ریسلنگ کے میدان میں بھی پاکستانی ایتھلیٹس نے ملک کا نام روشن کیا۔ 90 کلوگرام کیٹیگری میں محمد عاصم نے ایک سخت مقابلے کے بعد ایرانی ریسلر کو شکست دے کر تیسرا کانسی کا تمغہ جیتا، جبکہ خواتین کی 90 کلوگرام پلس کیٹیگری میں اقرا نصیب نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مزید ایک کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کے تمغوں کی مجموعی تعداد 4 کر دی۔ پاکستانی دستے نے مختلف روایتی کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے اس بین الاقوامی ایونٹ کا ایک انتہائی مثبت اور کامیاب اختتام کیا ہے۔اتوار کو باقاعدہ طور پر اختتام پذیر ہونے والے ان کھیلوں میں پاکستان نے گھڑ سواری، ماس ریسلنگ، رسہ کشی اور تیر اندازی میں حصہ لیا تھا۔ ورلڈ نومیڈ گیمز دراصل وسطی ایشیا اور خانہ بدوش قوموں کی ثقافت اور روایتی کھیلوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک بڑا عالمی ایونٹ ہے۔ سال 2014 میں شروع ہونے والے ان کھیلوں کا یہ 6 واں ایڈیشن تھا، جس میں دنیا بھر سے آئے کھلاڑیوں نے روایتی کشتی، تیر اندازی، گھڑ دوڑ اور رسہ کشی جیسے قدیم اور مقامی کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ پاکستان کی ان کھیلوں میں بھرپور شرکت اور کامیابی روایتی کھیلوں سے ملک کی جڑی ہوئی تاریخ اور لگاؤ کی عکاس ہے۔ ورلڈ نومڈ گیمز 2026 میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ٹریڈیشنل اسپورٹس فیڈریشن کی معاونت کی۔ صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور پاکستان اسپورٹس بورڈ نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں اور منتظمین کو مقابلے میں شرکت کرنے اور ملک کا نام روشن کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے