لاہور: دوسری آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد، 14 ہزار شہری شریک
09-06-2026
(لاہور نیوز) ڈیجیٹل پولیسنگ اور عوامی شمولیت کے تحت ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی دوسری آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں 14 ہزار شہریوں نے آن لائن شرکت کی۔
آن لائن کھلی کچہری کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے نے فیس بک کے ذریعے شہریوں کے مسائل اور تجاویز براہِ راست سنیں. ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ لاہور کے انڈر پاسز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پر کام شروع کر دیا گیا ہے، انڈر پاسز کو مزید محفوظ بنانے کیلئے جلد کیمرے نصب کیے جائیں گے، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے انڈر پاسز کی نگرانی اور جرائم کی روک تھام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گھریلو ملازمین رکھنے سے قبل تھانوں یا خدمت مراکز میں ان کا اندراج ضرور کروائیں، واضح رہے کہ پچھلی کھلی کچہری میں موصول ہونے والی تجاویز پر ہونے والی پیشرفت سے بھی شہریوں کو آگاہ کیا گیا۔