پولیس نے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کو گرفتار کر لیا
09-06-2026
(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو پولیس نے لاہور کے علاقے آر اے بازار کے قریب سے حراست میں لے لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کو ان کے ایک قریبی دوست کے گھر سے حراست میں لیا گیا، جس کے بعد انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر 9 مئی کے جی او آر گیٹ حملہ کیس میں مطلوب تھے۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم پیشی پر حماد اظہر کو اشتہاری قرار دے رکھا تھا جبکہ عدالت کی جانب سے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق حماد اظہر 9 مئی کے واقعات سے متعلق 50 سے زائد مقدمات میں بھی نامزد ملزم ہیں۔ حماد اظہر نے مختلف مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور اور پشاور ہائی کورٹس سے رجوع کر رکھا ہے۔ مقدمات کے اندراج کے بعد حماد اظہر نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس سے قبل تحریک انصاف نے انہیں پنجاب کی صدارت کی ذمہ داری سونپ رکھی تھی۔