سول ڈیفنس پنجاب میں بڑا ایکشن، 12 اہلکار برطرف، 37 معطل
09-06-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کرپشن، بدعنوانی اور نااہلی کے خلاف سول ڈیفنس پنجاب میں بڑا ایکشن کرتے ہوئے 12 افسران و اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست، 37 کو معطل اور 7 سول ڈیفنس افسران کے تبادلے کر دیے گئے۔
ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب کی جانب سے محکمہ میں خود احتسابی کے تحت کارروائی کی گئی۔ ملازمت سے برخاست کیے جانے والوں میں سرگودھا کے فرمان اللہ، خوشاب کے نوید، ملتان کے محمد ارشاد اور ناصر اقبال، لودھراں کے اصغر، گوجرانوالہ کے گروپ وارڈنز رحمان مقبول اور حمزہ بلال بٹ، حافظ آباد کے امان اللہ اور فیضان، نارووال کے شریف جبکہ بہاولپور کے بشیر احمد اور شبیر احمد شامل ہیں۔ کرپشن، بدعنوانی اور نااہلی کے الزامات پر معطل کیے جانے والوں میں سول ڈیفنس آفیسر رحیم یار خان شکیب احمد، وہاڑی، سیالکوٹ، خوشاب اور ساہیوال کے اسسٹنٹس سردار علی، ثناء اللہ، محمد کامران اور شاہ نواز جبکہ نارووال اور گوجرانوالہ کے سینئر کلرکس محمد الطاف اور محمد قاسم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سول ڈیفنس کے 9 چیف انسٹرکٹرز اور 15 انسٹرکٹرز کو بھی معطل کیا گیا ہے۔ معطل ہونے والوں میں مختلف اضلاع کے چیف انسٹرکٹرز اور انسٹرکٹرز شامل ہیں۔ ریسکیو لیڈر محمد اسلم، ریسکیور ناصر محمود، فرسٹ ایڈر قمر الطاف، ڈرائیور اشفاق احمد، نائب قاصد محمد وارث اور سینٹری ورکر سہیل مسیح بھی معطل کیے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب نے معطلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ افسران و اہلکاروں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ معطل افسران و اہلکاروں کو سول ڈیفنس پنجاب ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب طویل عرصے سے تعیناتی اور انتظامی وجوہات کی بنیاد پر 7 سول ڈیفنس افسران کے تبادلے بھی کیے گئے ہیں۔ سیدہ سحرش ارشاد کو سول ڈیفنس آفیسر وہاڑی، محمد ریحان کو بہاولنگر، محمد عباس کو ساہیوال، محمد عدنان قیصر کو اوکاڑہ اور محمد اقبال جاوید کو فیصل آباد تعینات کیا گیا ہے۔ سول سیکرٹریٹ لاہور کی سول ڈیفنس آفیسر سدرہ یاسین رانا کو ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس پنجاب میں چیف سٹاف آفیسر جبکہ سول ڈیفنس آفیسر سیالکوٹ فرحانہ عزیز کو سول ڈیفنس آفیسر سول سیکرٹریٹ لاہور تعینات کر دیا گیا ہے۔ محکمہ سول ڈیفنس پنجاب میں ہونے والی یہ کارروائی کرپشن، بدعنوانی اور نااہلی کے خلاف سخت احتسابی اقدام قرار دی جا رہی ہے۔