رہائشی علاقوں میں قائم مویشی باڑوں کیخلاف آپریشن ، 15 شیڈز مسمار
09-06-2026
(لاہور نیوز) ضلعی انتظامیہ نے رہائشی علاقوں میں غیر قانونی طور پر قائم مویشی باڑوں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا۔
اے ڈی سی انفورسمنٹ کی سربراہی میں چند رائے روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے 15 غیر قانونی مویشی باڑے اور شیڈز مسمار کروا دیے گئے۔ کارروائی کے دوران سینکڑوں جانوروں کو رہائشی علاقوں سے باہر منتقل کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق متعدد وارننگز اور شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے باوجود غیر قانونی مویشی باڑے ازخود منتقل نہیں کیے جا رہے تھے، جس پر آپریشن کیا گیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی مویشی باڑے صفائی اور سیوریج کے مسائل کا بڑا سبب بن رہے تھے، جبکہ جانوروں کے فضلے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔ غیر قانونی مویشی باڑوں کے خلاف آپریشن میں پیرا، میونسپل کارپوریشن لاہور، ستھرا پنجاب اور دیگر متعلقہ محکموں نے بھی حصہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ کاشف جلیل کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں غیر قانونی طور پر مویشی رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ کاشف جلیل کے مطابق متعدد وارننگز کے باوجود باڑے ازخود منتقل نہیں کیے جا رہے تھے، جس کے بعد انتظامیہ نے کارروائی کا فیصلہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ آپریشن کے اگلے مرحلے میں شہر کے دیگر علاقوں میں بھی غیر قانونی مویشی باڑے ختم کروائے جائیں گے۔