جنسی جرائم اور ہراسگی کے خلاف کارروائیاں، 10 ملزمان گرفتار

09-05-2026

(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے جنسی جرائم، خواتین کو ہراساں کرنے اور تشدد کے واقعات کے خلاف مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق اچھرہ پولیس  نے سکول چوکیدار ساجد کو بچے سے بدفعلی کے الزام میں گرفتار کیا، جبکہ فیکٹری ایریا پولیس  نے بدفعلی کے مقدمے میں مطلوب ملزم رومان کو حراست میں  لے لیا۔ باغبانپورہ پولیس  نے بدفعلی کے مقدمے میں نامزد ملزم حسن کو گرفتار کیا، جبکہ مصری شاہ پولیس  نے بچے سے بدفعلی کی مبینہ کوشش کے الزام میں اشعر نامی ملزم کو گرفتار کیا۔ ترجمان کے مطابق خواتین سے متعلق ہراسگی اور تشدد کی شکایات پر بھی کارروائیاں کی گئیں، سبزہ زار پولیس  نے ہراسگی کے الزام میں اویس، ملت پارک پولیس  نے ادریس، سمن آباد پولیس  نے ہراسگی اور تشدد کے الزام میں نعمان، جبکہ ہنجروال پولیس  نے خاتون سے متعلق شکایت پر تنویر کو گرفتار کیا، سندر پولیس نے خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں وقاص جبکہ چوہنگ پولیس نے خاتون کی شکایت پر نعیم کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے، خواتین اور بچوں سے متعلق کسی بھی شکایت کو نظر انداز نہیں کیا جاتا۔