ملک بھر میں پاسپورٹ ڈلیوری کاؤنٹرز ہر ہفتہ کھلے رہیں گے
09-05-2026
(لاہور نیوز) شہریوں کو تیار پاسپورٹس کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کیلئے ملک بھر میں پاسپورٹ ڈیلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کے روز بھی کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ ڈیلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجےتک کھلے رہیں گے، جبکہ ہفتہ وار پاسپورٹ ڈیلیوری کی یہ سہولت 2 ماہ تک جاری رہے گی۔ ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق شہری ہفتہ کے روز بھی اپنے تیار پاسپورٹس وصول کر سکیں گے، جو شہری معمول کے دفتری اوقات میں پاسپورٹ وصول کرنے کیلئے نہیں آ سکتے، وہ ہفتہ وار سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ ڈی جی پاسپورٹس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے تیار پاسپورٹس جلد از جلد وصول کریں، 6 ماہ سے زائد عرصے تک وصول نہ کئے جانے والے پاسپورٹس حکومتی پالیسی کے تحت تلف کر دیئے جائیں گے۔