گڑھی شاہو پولیس کی کارروائی، 3 رکنی موٹرسائیکل چور گینگ گرفتار

09-05-2026

(لاہور نیوز) گڑھی شاہو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سرگرم 3 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق ملزمان کو گوندی پیر قبرستان سے حراست میں لیا گیا۔

گرفتار ملزمان گڑھی شاہو اور گردونواح میں موٹرسائیکل چوری اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 پسٹل اور ایک چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی موٹرسائیکل ایک ماہ قبل مغلپورہ کے علاقے سے چوری کی گئی تھی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت فرقان عرف موٹا، عرفان مسیح اور عرفان احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف سنگین وارداتوں اور چوری کے 75 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ گڑھی شاہو پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔