کاہنہ، دہشت کی علامت سمجھے جانے والے 3 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد
09-05-2026
(لاہور نیوز) کاہنہ کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت کی علامت سمجھے جانے والے تین مبینہ بدمعاشوں کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق پولیس نے ملزمان کو ڈی گول چکر، گجومتہ سے گرفتار کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک روز قبل لڑائی جھگڑے کے دوران فائرنگ کرکے ایک شہری کو زخمی کیا تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے چند روز قبل مولانا ناصر مدنی کے بھائی کو بھی مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جبکہ اس سے قبل ایک شہری کو مبینہ طور پر اغوا کرکے تشدد کرنے کا الزام بھی ملزمان پر عائد کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت شان جٹ، وقار اور فہد کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا ہے کہ عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔