حکومتِ پنجاب کا پیدائش اور وفات کے سرٹیفکیٹس کی رجسٹریشن فیس میں عوام کو بڑا ریلیف

09-04-2026

(لاہور نیوز) حکومتِ پنجاب نے عام شہریوں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیدائش اور وفات کے سرٹیفکیٹس کی رجسٹریشن فیس مزید 3 سال کے لیے بالکل مفت کر دی۔

پنجاب حکومت نے شہریوں کو ریلیف دیتے ہوئے پیدائش اور اموات کی رجسٹریشن کے قواعد 2025 میں ترمیم کر دی، ترمیم کے تحت مقررہ مدت گزرنے کے بعد پیدائش اور اموات کی تاخیر سے رجسٹریشن کے لیے فیس معافی کی مدت مزید 3 سال بڑھا دی گئی ہے۔ اب شہری مقررہ مدت کے بعد بھی اضافی رجسٹریشن فیس ادا کیے بغیر پیدائش یا موت کا اندراج کرا سکیں گے، پنجاب حکومت نے فیس معافی اور مفت رجسٹریشن کی مدت میں توسیع کی باضابطہ گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود نے ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ کو ترمیم شدہ قواعد پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئ ہے، حکومت کے اس اقدام سے ان شہریوں کو سہولت ملے گی جو مقررہ مدت میں پیدائش یا اموات کا اندراج نہیں کرا سکے تھے۔