لاہور میں انسداد پولیو مہم 21 ستمبر سے شروع ہو گی
09-04-2026
(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن علی اعجاز کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں آئندہ مہم کی تیاریوں اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور میں 21 ستمبر 2026 سے انسداد پولیو مہم شروع کی جائے گی، جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے مئی میں ہونے والی پولیو مہم کے دوران شاندار کارکردگی پر ہیلتھ ٹیم کو شاباش دی، اجلاس میں بتایا گیا کہ مئی کی پولیو مہم کے تمام مارکیٹ سروے اور ٹیسٹ رزلٹس کلیئر آئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو انوائرمنٹل سیمپلز کے نتائج کلیئر آنا لاہور کی ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، انہوں نے سی ای او ہیلتھ لاہور اور پولیو ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ اجلاس میں پولیس، عالمی ادارہ صحت (WHO) اور کمیونٹی کے نمائندگان نے شرکت کی، ستمبر کی انسداد پولیو مہم کیلئے تمام مائیکرو پلانز اور سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر علی اعجاز نے کہا کہ پولیو سے پاک لاہور ہمارا عزم ہے، ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے، انسداد پولیو ٹیموں کو فیلڈ میں مکمل سکیورٹی اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی۔