بسنت فیسٹیول کی تیاریاں، لاہور کو جدید انداز میں سجانے کا فیصلہ
09-04-2026
(لاہور نیوز) بسنت فیسٹیول کی انتظامی اور ثقافتی تیاریوں کے حوالے سے جیلانی پارک ہیڈکوارٹر میں اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت مینیجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور احمد عثمان جاوید نے کی۔
اجلاس میں میگا ایونٹ کے انتظامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا، ایڈیشنل مینیجنگ ڈائریکٹر تسلیم اختر راؤ، ڈائریکٹر فنانس احمد سعید منج، ڈائریکٹر مارکیٹنگ نعیم افضل سمیت ڈائریکٹرز جاوید حامد، شاہ نواز وٹو، فروخ اخلاق اور دیگر افسران نے شرکت کی، افسران کی جانب سے گزشتہ تہواروں کے انتظامات اور آئندہ بسنت فیسٹیول کیلئے تیار کی جانے والی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں لاہور کی مرکزی شاہراہوں کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کرکے عالمی معیار کے مطابق جدید آرائش کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق بسنت کو ایک تاریخی تہوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور احمد عثمان جاوید نے کہا کہ بسنت فیسٹیول کو پنجاب کی ثقافت کا محفوظ، پرامن اور پرکشش چہرہ بنایا جائے گا، میگا ایونٹ کے انتظامات میں ثقافتی رنگ کے ساتھ شہری سہولیات اور خوبصورتی کو بھی خصوصی اہمیت دی جائے گی۔