پنجاب میں دھواں چھوڑنے والی سرکاری گاڑیوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ
09-04-2026
(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے دھواں چھوڑنے والی سرکاری گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔
حکومتی فیصلے کے تحت خراب انجن اور مقررہ ماحولیاتی معیار پر پورا نہ اترنے والی سرکاری گاڑیاں سڑکوں سے ہٹائی جائیں گی، قابلِ مرمت گاڑیوں کو فٹنس اور اخراجِ دھواں کے مقررہ معیار پر پورا اترنے کے بعد ہی دوبارہ استعمال کیا جا سکے گا۔ ذرائع کے مطابق اب سرکاری گاڑیوں کیلئے محض سرکاری ملکیت کافی نہیں ہو گی بلکہ گاڑی کی فٹنس اور دھویں کے اخراج کو بنیادی معیار قرار دیا جائے گا، ناقص انجن یا آلودگی پھیلانے والی گاڑی کو سڑک پر چلانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جو گاڑی مرمت کے ذریعے مقررہ فٹنس اور ماحولیاتی معیار پر پورا اتر سکتی ہے، اسے درست کرانے کے بعد استعمال میں لایا جا سکے گا، تاہم ناقابلِ مرمت گاڑیوں کو مستقل طور پر سڑکوں سے ہٹا کر سکریپ کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے پرانی اور ناقابلِ استعمال گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹانے کیلئے قانونی راستہ بھی فراہم کر دیا ہے، جولائی 2026 میں جاری صوبائی موٹر وہیکلز ترمیمی آرڈیننس کے تحت ایسی گاڑی جو لازمی فٹنس یا اخراجِ دھواں کا امتحان ناکام ہو اور مطلوبہ سرٹیفکیٹ حاصل نہ کر سکے، اسے اینڈ آف لائف وہیکل قرار دیا جا سکتا ہے، جس کے بعد اس کی سکریپنگ لازمی ہو گی۔