جمعۃ المبارک پر لاہور پولیس ہائی الرٹ، لاکھوں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کی سنیپ چیکنگ
09-04-2026
(لاہور نیوز) جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور پولیس نے شہر بھر میں سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بناتے ہوئے سنیپ چیکنگ کا سلسلہ تیز کردیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک ایک لاکھ 63 ہزار سے زائد گاڑیوں جبکہ 6 لاکھ 74 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کی سنیپ چیکنگ کی جا چکی ہے۔ بغیر کاغذات موٹر سائیکل چلانے والے 8 ہزار 897 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ 177 اپلائیڈ فار موٹر سائیکلیں اور 422 غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی موٹر سائیکلیں مختلف تھانوں میں بند کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق انسدادی کارروائی کے تحت بھی 265 موٹر سائیکلیں مختلف تھانوں میں بند کروائی گئی ہیں۔ جمعۃ المبارک کے اجتماعات کے دوران شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، جبکہ مساجد اور اہم مقامات کے اطراف سنیپ چیکنگ اور سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے گئے ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور قیامِ امن کے لیے پولیس مسلسل سرگرم ہے۔ شہری سکیورٹی اقدامات میں پولیس سے تعاون کریں اور دورانِ چیکنگ ضروری دستاویزات اپنے ہمراہ رکھیں۔