ایک شناختی کارڈ پر 5 سے زائد سمیں جاری نہیں ہو سکتیں، چیئرمین پی ٹی اے
09-04-2026
(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ پانچ سمیں جاری کی جا سکتی ہیں، اس کے علاوہ چھٹی سم حاصل نہیں کی جا سکتی۔
چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ساتھ مل کر 125 چھاپے مارے گئے، جن کے دوران 25 ہزار سمیں برآمد جبکہ 171 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کارروائیوں کے دوران 6 لاکھ افراد کے بائیومیٹرک ریکارڈ بھی برآمد ہوئے، بائیومیٹرک ریکارڈ جہاں موجود ہوتا ہے، وہیں سے اس کے لیک ہونے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے، اس لئے سیکیورٹی فیچرز کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ گزشتہ دو سے ڈھائی سال کے دوران 18 لاکھ سمیں بلاک کی گئی ہیں، جبکہ نادرا کے تعاون سے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے پر بھی کام جاری ہے، موبائل کمپنیوں کو بھی اس عمل میں شامل کیا گیا ہے۔