سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز سے سموگ پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ

09-03-2026

(لاہور نیوز) سیف سٹیز اتھارٹی نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سموگ کی روک تھام  کیلئے سیف سٹی کیمروں اور جدید ڈرونز کے ذریعے مانیٹرنگ مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران سیف سٹی کیمروں کی مدد سے آلودگی پھیلانے کی 300 سے زائد خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں کو ای چالان بھی جاری کیے گئے۔ بغیر ترپال تعمیراتی سامان، ریت، مٹی اور دیگر گردوغبار پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، ترجمان کے مطابق 43 اسمارٹ سیف سٹی سینٹرز سے حاصل ہونے والی معلومات متعلقہ اداروں تک بروقت پہنچائی جا رہی ہیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف فوری کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔